نیویارک – مالی مدد کے حصول کے اہل قرار پانے والے قدرتی آفات کے متاثرین کو جب کرایے کی ادائیگی میں سہولت، گھر کی مرمت یا دیگر طرز کی معاونت کے لیے رقم وصولی شروع ہو تو انہیں یقین ہونا چاہیے کہ آفت سے بحالی کے لیے دی جانے والی وفاقی مالی امداد ٹیکس سے مستثنیٰ ہے۔ ایف ای ایم اے کا اطلاعاتی خط آپ کو آفات سے بحالی کے لیے دی جانے والی رقم کے موزوں استعمال کی بابت بتائے گا۔ ایف ای ایم اے آپ پر زور دیتا ہے کہ اس رقم کو خط کے مندرجات کے مطابق اور صرف آفات سے متعلقہ اخراجات کے لیےہی استعمال کریں۔
ذیل میں اس حوالے سے چند مفید تجاویز دی گئی ہیں:
ایف ای ایم اے آپ کو ایک اطلاعاتی خط بھیجے گا جس میں بتایا جائے گا کہ آپ کس طرح کی مدد کے حصول کے اہل ہیں اور ہر جائز ضرورت کے لیے ایف ای ایم اے کتنی رقم مہیا کر رہا ہے۔ یہ مالی مدد درج ذیل کاموں کے لیے ہو سکتی ہے:
- گھر کی مرمت (جیسا کہ بنیادی ڈھانچہ، پانی، کوڑا کرکٹ جمع کرنے اور نکاسیء آب کے نظام)
- عارضی طور پر کسی دوسری جگہ پر رہنے کے لیے کرایے کی ادائیگی
- قدرتی آفت سے متاثر ہونے والی بنیادی اہمیت کی گاڑی کی مرمت یا تبدیلی
- آفت میں زخمی ہونے کے نتیجے میں کیے جانے والے غیربیمہ شدہ طبی اخراجات
- پیشہ وارانہ مقاصد کے لیے استعمال ہونے والے خصوصی آلات کی مرمت یا تبدیلی
- تعلیمی مقاصد کے لیے استعمال ہونے والی ضروری اشیا (جیسا کہ کمپیوٹر، سکول کی کتابیں، متعلقہ سازوسامان)
- آفت کے نتیجے میں ایک سے دوسری جگہ منتقلی اور سامان محفوظ رکھنے پر اٹھنے والے اخراجات اور آفت سے متعلقہ دیگر اخراجات
آپ ایف ای ایم اے سے ملنے والی امدادی رقم کو اس انداز میں بھی استعمال کر سکتے ہیں جس سے آپ کو اپنا گھر محفوظ، حفظان صحت کے تقاضوں سے ہم آہنگ اور رہنے کے لیے موزوں بنانے میں مدد ملتی ہو۔ آفات سے بحالی کے لیے دی جانے والی مالی مدد کے استعمال کی تفصیل سے متعلق دستاویزات تیار کرنا یاد رکھیں اور تمام رسیدیں کم از کم تین سال تک محفوظ رکھیں تاکہ یہ تصدیق ہو سکے کہ آپ نے یہ رقم کیسے استعمال کی۔
قدرتی آفات سے بحالی کے لیے دی جانے والی امدادی رقومات عام مصارفِ زندگی جیسا کہ پانی ،بجلی اورگیس کے بِل کی ادائیگی، خوراک کی خریداری، طبی اخراجات یا دانتوں کے علاج، سفر، تفریح یا کسی ایسی صوابدیدی سرگرمی پر خرچ کرنے کے لیے نہیں ہیں جس کا آفت سے براہ راست تعلق نہ ہو۔
وفاقی قانون دیگر ذرائع سے ایسی ہی امداد کے حصول کی ممانعت کرتا ہے۔
آپ ایف ای ایم اے سے مالی مدد حاصل کرنے کے لیے DisasterAssistance.gov پر درخواست دے سکتے ہیں۔ اس مقصد کے لیے ایف ای ایم اے کی موبائل ایپلی کیشن استعمال کیجیے یا 800-621-3362 (711/VRS) پر ایف ای ایم اے کی ہیلپ لائن پر کال کیجیے۔یہاں ٹیلی فون کے ذریعے ہفتے کے ساتوں دن صبح 8 سے شام 7 بجے تک رابطہ ممکن ہے اور آپریٹر آپ کی ایسے ماہر سے بات کروا سکتے ہیں جو آپ سے اسی زبان میں بات کرے گا جو آپ بولتے ہیں۔ اگر آپ گونگے بہروں کے لیے ویڈیو کے ذریعے بات چیت کی مخصوص سہولت یا ٹیلی فون پر سماعت میں دشواری کا سامنا کرنے والوں کے لیے مخصوص سہولت یا ایسی دیگر سہولیات استعمال کرتے ہیں تو ایف ای ایم اے کو اس سہولت کا نمبر مہیا کیجیے۔
مقامی لوگوں کی مخصوص ضروریات کی تکمیل میں مدد دینے والے اداروں سے رجوع کرنے کے لیے https://www.211nys.org/contact-us پر اپنے قریب ترین 211 کاؤنٹس پر رابطہ کیجیے۔ اگر آپ نیویارک سٹی کے رہائشی ہیں تو 311 پر کال کریں۔ دور دراز علاقوں میں قیام پذیر ہونے کی صورت میں 211 پر کال کیجیے۔
طوفان کے بعد بحالی کی کوششوں سے متعلق سرکاری معلومات جاننے کے لیے www.fema.gov/disaster/4615 پر وزٹ کیجیے۔ twiter/com/femaregion2 اور www.facebook.com/fema پر ہمیں فالو کیجیے۔