ایڈا طوفان سے متاثرہ ڈَچس کاؤنٹی کے رہائشی اب ایف ای ایم اے (فیما) کی امداد کے لیے درخواست دے سکتے ہیں [https://www.fema.gov/ur/press-release/20211026/dutchess-county-residents-affected-hurricane-ida-can-now-apply-fema] Release Date: October 25, 2021 نیویارک ـــ ایف ای ایم اے (فیما) نے ڈَچس  کاؤنٹی کوایڈا طوفان سے متعلق 5 ستمبر کو  آفات کے حوالے سے جاری کردہ وفاقی اعلامیے میں شامل کر لیا ہے جس کے بعد ایسی کاؤنٹیوں کی تعداد نو ہو گئی ہے جن کے رہائشی اب آفت سے بحالی کے لیے ایف ای ایم اے کی امداد کے لیے درخواست دینے کے اہل ہیں ۔ برونکس، ڈَچس، کنگز، ناساؤ، کوئینز، رچمنڈ، راک لینڈ، سَفوک اور ویسٹ چیسٹر کاؤنٹیوں کے رہائشی اب ایف ای ایم اے کے انفرادی امداد کے پروگرام کے لیے درخواست دے سکتے ہیں۔ درخواست دینے کی حتمی تاریخ سوموار 6 دسمبر ہے۔جو لوگ پہلے ہی یہ درخواست دے چکے ہیں انہیں دوبارہ درخواست دینے کی ضرورت نہیں۔ ایڈا طوفان 1 سے 3 نومبر تک نیویارک سے ٹکرایا تھا۔ ان نو کاؤنٹیوں میں طوفان  کےبراہ راست نتیجےمیں نقصان اٹھانے والے گھر مالکان اور کرایہ داروں پر زور دیا جاتا ہے کہ وہ امداد کے لیے درخواست دیں۔ آفت سے بحالی کے لیے دی جانے والی امداد میں عارضی رہائش اور ضروری گھریلومرمت کے علاوہ آفت سے متعلق دیگر اہم ضروریات بشمول طبی مصارف اور دانتوں کے علاج پر اٹھنے والے اخراجات میں مددگار مالی معاونت بھی شامل ہو سکتی ہے۔ اگر آپ نے انشورنس کروا رکھی ہے تو تب بھی آپ کو ایف ای ایم اے کی امداد کے لیے درخواست دینی چاہیے لیکن اس سے پہلے آپ انشورنس مہیا کرنے والے اپنے ادارے میں دعویٰ دائر  کریں۔ ایف ای ایم اے درخواست گزاروں کو آفت کے نتیجے میں ہونے والے ایسے نقصان کے ازالے کے لیے مدد فراہم کرتا ہے جس کی انشورنس نہ ہوئی ہو یا انشورنس اس  نقصان کے مکمل ازالے کے لیے ناکافی ہو۔اس کے علاوہ دیگر اہم ضروریات کے لیے بھی مدد مہیا کی جاتی ہے۔ درخواست گزاروں کے لیے ضروری ہے کہ وہ ایف ای ایم اے کو اپنی ہر طرح کی انشورنس کے بارے میں آگاہ کریں جس میں سیلاب سے ہونے والے نقصان کی انشورنس، گھر مالکان کی حیثیت سے انشورنس اور گاڑی کی انشورنس بھی شامل ہیں۔ جن درخواست گزاروں کی انشورنس ہو چکی ہے انہیں چاہیے کہ وہ اپنی درخواست کے ساتھ ایسی دستاویزات منسلک کریں جن سے ان کی انشورنس کے تصفیے یا انہیں انشورنس سے حاصل ہونے والے فوائدکی نشاندہی ہوتی ہو جس کے بعد ایف ای ایم اے یہ دیکھے گا کہ وہ ایسی کون سی امداد کے حصول کے اہل  ہیں جسے نجی انشورنس کے ذریعے تحفظ حاصل ہو سکتا ہے۔ ایف ای ایم اے کو امداد کی درخواست دینے کے لیے DisasterAssistance.gov کا وزٹ کیجیے، ایف ای ایم اے کی موبائل فون ایپلی کیشن استعمال کیجیے یا 800-621-3362 پر ایف ای ایم اے کی ہیلپ لائن پر رابطہ کیجیے۔اگر آپ  گونگے بہروں کے لیے ویڈیو کے ذریعے بات چیت کی مخصوص سہولت یا ٹیلی فون پر سماعت میں دشواری کا سامنا کرنے والوں کے لیے مخصوص سہولت یا ایسی دیگر سہولیات استعمال کرتے ہیں تو ایف ای ایم اے کو اس سہولت کا نمبر مہیا کریں۔ ہیلپ لائن کے آپریٹر ہفتے کے ساتوں دن صبح 8 بجے سے شام 7 بجے تک دستیاب ہیں۔ ہسپانوی زبان کے لیے بٹن 2 دبائیں۔ اپنی زبان میں بات کرنے کے لیے ترجمان سے رابطے کے لیے بٹن 3 دبائیں۔ آپ آفت سے بحالی کے مرکز کا دورہ کر کے ایف ای ایم اے کے عملے اور دیگر وفاقی اور ریاستی اداروں کے نمائندوں سے بالمشافہ مل سکتے ہیں جو آپ کو آفت سے بحالی کے لیے دی جانے والی امداد کے بارے میں معلومات مہیا کر سکتے ہیں۔ اپنے قریبی علاقے میں بحالی مرکز تلاش کرنے کے لیے DRC Locator (fema.gov) پر وِزٹ کیجیے۔   نیویارک میں بحالی کی کوششوں سے متعلق تازہ ترین معلومات جاننے کے لیے www.fema.gov/disaster/4615 [http://www.fema.gov/disaster/4615] پر وزٹ کیجیے۔ ہمیں https://twitter/com/femaregion2 پر ٹویٹر اور www.facebook.com/fema [http://www.facebook.com/fema] پر فیس بک پر فالو کیجیے۔