کرایہ دار بھی آفات سے متاثرہ لوگوں کو دی جانے والی امداد کے اہل ہو سکتے ہیں

Release Date Release Number
008
Release Date:
September 30, 2021

نیویارک  ــ آفات سے متاثرہ لوگوں کو دی جانے والی وفاقی امداد گھروں کے مالکان کے لیے ہی مخصوص نہیں ہے۔ یہ امداد اس کے حصول کے اہل کرایہ داروں کے لیے بھی دستیاب ہے اور فرنیچر، نوکری سے متعلقہ سازوسامان، گاڑی کی مرمت حتیٰ کہ آفات کے نتیجے میں جنم لینے والے طبی مسائل یا دانتوں کے علاج پر اٹھنے والے اخراجات کا احاطہ بھی کرتی ہے۔

برونکس، کنگز، ناساؤ، رچمنڈ، راک لینڈ، سفوک اور ویسٹ چیسٹر کاؤنٹیوں میں ایسے کرایہ دار جنہیں ایڈا طوفان کے نتیجے میں نقصان اور تباہی کا سامنا کرنا پڑا یا وہ اپنے گھروں میں رہنے کے قابل نہیں ہیں، وہ ایف ای ایم اے اور امریکہ کی چھوٹے کاروباروں سے متعلق انتظامیہ سے مدد لینے کے اہل ہو سکتے ہیں۔

اگر آپ کے پاس بطور کرایہ دار انشورنس موجود ہے تو اس کی رقم کے حصول کا دعویٰ دائر کرنے کے لیے اپنے انشورنس مہیا کرنے والے ادارے سے رابطہ کریں۔ اس کے بعد ایف ای ایم اے کو درخواست دیں۔ اگر آپ کی انشورنس ہو چکی ہے تو آپ کو اپنے انشورنس مہیا کرنے والے ادارے کی جانب سے ایف ای ایم اے کو معلومات فراہم کرنا ہوں گی جن میں تصفیہ یا نامنظوری بھی شامل ہو سکتی ہے۔

ایف ای ایم اے کی جانب سے کرایہ داروں کو یہ مدد ان کے لیے گھر کے ماہانہ کرایے کی ادائیگی ممکن بنانے اور ضروری گھریلو سہولیات (جیسا کہ گیس، بجلی اور پانی) پر اٹھنے والے اخراجات کے لیے دی جاتی ہے۔ ایف ای ایم اے کی مہیا کردہ مالی مدد زر ضمانت کے طور پر بھی استعمال ہو سکتی ہے تاہم اس سے ٹیلی فون، کیبل یا انٹرنیٹ کی خدمات حاصل نہیں کی جا سکتیں۔

کرایہ داروں کو یہ ثابت کرنے کے قابل ہونا چاہیے کہ ایف ای ایم اے کی گھروں سے متعلق امداد اور ایف ای ایم اے کی جانب سے دیگر ضروریات (جیسا کہ نجی جائیداد اور ایک سے دوسری جگہ منتقلی اور سامان کی ذخیرہ کاری پر اٹھنے والے اخراجات) سے متعلق چند طرح کی مالی مدد حاصل کرنے سے پہلے وہ اس پہلی رہائش گاہ میں قیام پذیر تھے جسے آفت سے نقصان پہنچا ہو۔

متاثرہ افراد رہائش گاہ میں قیام پذیر ہونے کا ثبوت پیش کرنے کے لیے ایف ای ایم اے کو کرایے یا رہائش کا معاہدہ، کرایے کی ادائیگی کی رسیدیں، گیس، بجلی و پانی کے بِل، گھر کرایے پر دلوانے والے کا بیان، سرکاری عہدیدار کا بیان، شناختی کارڈ، سماجی خدمت کے ادارے کی دستاویزات، مقامی سکول کی دستاویزات، وفاقی و ریاستی فوائد کے حصول کی دستاویزات، گاڑی کی رجسٹریشن کا سرٹیفکیٹ، رہائش یا دیگر عدالتی دستاویزات اور متحرک گھر سے متعلق دستاویزات کے بیانِ حلفی جمع کرا سکتے ہیں۔ 800-621-3362 (711/VRS) پر ایف ایم اے کی ہیلپ لائن  پر مدد فراہم کرنے والے ماہرین قابل قبول دستاویزات، ان کی تاریخوں اور مندرجات کے بارے میں مزید معلومات مہیا کر سکتے ہیں۔

کرایہ داروں کو امریکہ کی چھوٹے کاروباروں سے متعلق انتظامیہ کی طرف بھی بھیجا جا سکتا ہے جو متاثرین کو آفات کے بعد بحالی کے لیے کم شرح سود پر قرضے مہیا کرتی ہے۔ اس انتظامیہ (ایس بی اے) کی جانب سے جاری کردہ قرضے ایسے نقصانات کے ازالے میں مدد دے سکتے ہیں جن کے حوالے سے انشورنس کی صورت میں مالی تحفظ موجود نہیں ہے۔ کرایہ دار کپڑوں، فرنیچر، آلات اور دیگر نجی ملکیتی اشیا بشمول گاڑیوں سمیت ایسے سامان کی مرمت یا تبدیلی کے لیے 40,000 ڈالر تک کے قرضوں کے لیے درخواست دے سکتے ہیں جسے آفت کے نتیجے میں نقصان پہنچا ہو یا وہ تباہ ہو گیا ہو۔ جو لوگ ایس بی اے کے قرضے کے حصول کے اہل نہیں ہیں انہیں ایف ای ایم اے کے دیگر ضروریات سے متعلق مالی مدد دینے کے پروگرام کی جانب واپس بھیجا جا سکتا ہے۔

ایس بی اے کے پاس بھیجے جانے کی صورت میں آپ کو درخواست مکمل کرنا اور اسے جمع کرانا ہو گا۔ اگر آپ کی درخواست منظور کر لی جاتی ہے تو آپ پر قرضہ قبول کرنا لازم نہیں تاہم درخواست دینے میں ناکامی کے نتیجے میں آپ ایف ای ایم اے کی دیگر ممکنہ معاونت کے حصول کے لیے نااہل بھی ہو سکتے ہیں۔

ایف ای ایم اے کی امداد حاصل کرنے کے لیے درخواست دینے کے بہت سے طریقے ہیں:

  • DisasterAssistance.gov پر وزٹ کیجیے، ایف ای ایم اے کی موبائل ایپلی کیشن استعمال کیجیے یا 800-621-3362 (711/VRS) پر ایف ای ایم اے کی ہیلپ لائن پر کال کیجیے۔ ٹیلی فون کے ذریعے ہفتے کے ساتوں دن صبح 8 سے شام 7 بجے تک رابطہ ممکن ہے اور آپریٹر آپ کی ایسے ماہر سے بات کروا سکتے ہیں جو آپ سے اسی زبان میں بات کرے گا جو آپ بولتے ہیں۔ اگر آپ گونگے بہروں کے لیے ویڈیو کے ذریعے بات چیت کی مخصوص سہولت یا ٹیلی فون پر سماعت میں دشواری کا سامنا کرنے والوں کے لیے مخصوص سہولت یا ایسی دیگر سہولیات استعمال کرتے ہیں تو ایف ای ایم اے کو اس سہولت کا نمبر مہیا کیجیے۔

ایف ای ایم اے نے آفات سے بحالی کے مراکز بھی کھولے ہیں جہاں آپ ایف ای ایم اے کے عملے اور دیگر وفاقی و ریاستی اداروں کے نمائندوں سے بالمشافہ ملاقات کر سکتے ہیں جو آپ کو آفات سے بحالی کے لیے ایسی مدد سے متعلق معلومات فراہم کر سکتے ہیں جو آپ کے لیے دستیاب ہو سکتی ہو۔ اپنے قریبی علاقے میں بحالی مرکز ڈھونڈنے کےلیے DRC Locator (fema.gov) پر وزٹ کیجیے۔

ایس بی اے قرضے کے لیے درخواست دینے کی غرض سے https://DisasterLoanAssistance.sba.gov پر ایس بی اے کی محفوظ ویب سائٹ کا وزٹ کیجیے۔ آپ مزید معلومات کے حصول کے لیے DisasterCustomerService@SBA.gov پر ای میل یا 800-659-2955 پر ایس بی اے کے گاہکوں کی خدمت کے مرکز پر کال بھی کر سکتے ہیں۔

جمعہ، 5 نومبر ایف ای ایم اے کی مدد کے حصول کی درخواست دینے کا آخری دن ہے۔

مزید آن لائن معلوماتی ذرائع اور ایف ای ایم اے کے ڈاؤن لوڈ ہونے کے قابل کتابچوں تک رسائی کے لیے DisasterAssistance.gov پر جائیے اور 'معلومات' پر کلک کیجیے۔

مقامی لوگوں کی مخصوص ضروریات کی تکمیل میں مدد دینے والے اداروں سے رجوع کرنے کے لیے https://www.211nys.org/contact-us پر اپنے قریب ترین 211کاؤنٹس پر رابطہ کیجیے یا 211 پر کال کیجیے۔ اگر آپ نیویارک سٹی کے رہائشی ہیں تو 311 پر کال کریں۔

نیویارک کے ایڈا طوفان سے بحالی کی کوششوں سے متعلق تازہ ترین معلومات جاننے کے لیے www.fema.gov/disaster/4615 پر وزٹ کیجیے۔ twiter/com/femaregion2 اور www.facebook.com/fema پر ہمیں فالو کیجیے۔

Tags:
Last updated